کورونا وائرس کے بڑھتے خطرات، فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ 30 مئی تک ملتوی

Published On 08 April,2021 06:23 pm

پیرس: (ویب ڈیسک) فرانس میں جاری کورونا وائرس کے بڑھتے خطرات کے پیش نظر ٹینس کھیل کے سب سے بڑے ایونٹ فرنچ اوپن کو ایک ہفتے کیلئے ملتوی کر دیا گیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ اب فرنچ اوپن کا ایونٹ آئندہ ماہ 30 اپریل سے شروع ہو کر 13 جون تک جاری رہے گا۔ امید کی جا رہی ہے کہ ملک میں کورونا کے خطرات میں کمی کے بعد زیادہ سے زیادہ تماشائیوں کو کھیل دیکھنے کی اجازت دیدی جائے گی۔

خیال رہے کہ فرانس میں کورونا وائرس کے بڑھتے خطرات کے پیش نظر ملکی سطح پر تیسرا سخت ترین لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا ہے۔ صدر ایمانیول میکراں کو امید ہے کہ آئندہ ماہ مئی کے وسط تک عالمی وبا کے اثرات میں کمی آنا شروع ہو جائے گی۔

اس سلسلے میں فرنچ ٹینس فیڈریشن (ایف ایف ٹی) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فرنچ اوپن کو ملتوی کرنا بہت ہی اچھا فیصلہ ہے۔ ایف ایف ٹی کے صدر گلیز موریٹون کا کہنا ہے کہ ہم فرانسیسی حکام، انٹرنیشنل ٹینس کی گورننگ باڈیز ودیگر کی جانب سے کئے گئے مشترکہ فیصلے کو تسلیم کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں امید ہے کہ فرنچ اوپن ٹورنامنٹ ملتوی کئے جانے کے فیصلے سے کھلاڑیوں کو بھی وقت ملے گا جبکہ آئندہ ماہ تک فرانس میں عالمی وبا کے اثرات بھی کم ہونا شروع ہو جائیں گے جس سے زیادہ سے زیادہ شائقین کو اپنا پسندیدہ کھیل براہ راست دیکھنے کا موقع ملے گا۔