اعصام الحق آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے پرامید

Published On 24 December,2020 09:09 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک)‏ پاکستان کے نامور ٹینس سٹار اعصام الحق نے کہا ہے کہ جلد انجری مسائل سے چھٹکارا حاصل کرنے کے بعد ٹینس کورٹس میں نظر آؤں گا۔ میں آئندہ سال کے پہلے گرینڈ سلام آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے پرامید ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ بڑھتی عمر کے ساتھ فٹنس مسائل سے چھٹکارا حاصل کرنے میں دیر لگتی ہے۔ چند ہفتے قبل گھر میں بھانجوں کے ساتھ کھیلتے ہو ئے میرا پاؤں زخمی ہو گیا تھا اور مجھے ٹینس سے دور ہونا پڑا تاہم اب میں نے دوبارہ ٹریننگ کا آغاز کردیا ہے اور جلد 100 فیصد فٹنس کے لیے پر امید ہوں۔ اپنے ایک بیان میں اعصام الحق نے کہا کہ بہت جلد انجری مسائل سے چھٹکارا حاصل کرنے کے بعد ٹینس کورٹس میں نظر آؤں گا۔

انہوں نے کہا کہ آہستہ آہستہ پاؤں کی انجری میں بہتری آرہی ہے لیکن اس میں وقت لگ رہا ہے۔ میں نے گزشتہ ہفتے ٹینس کھیلنے کا آغاز کر دیا تھا اور اب پاؤں پر بھی وزن ڈالتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ میں آئندہ سال کے پہلے گرینڈ سلام آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے پر امید ہوں۔ فروری میں آسٹریلین اوپن کھیلنے کے بعد مارچ میں یورپ میں ہونے والے تین چار ٹورنامنٹس میں حصہ لوں گا۔

‏اعصام الحق پاکستان میں جاپان کے خلاف ہونے والی ڈیوس کپ ٹائی کے لیے بڑے پرجوش ہیں۔ٹینس سٹار کا کہنا تھا کہ مارچ میں ہونے والے جاپان کے خلاف ڈیوس کپ ٹائی کا بہت انتظار ہے، پرجوش ہوں کہ جاپان جیسی بڑی ٹیم پاکستان میں مارچ کے آخر میں ڈیوس کپ کے لیے آرہی ہے۔ اعصام الحق نے کہا کہ جاپان کی ٹیم کا ڈیوس کپ ٹائی کے لے پاکستان آنا بہت خوش آئند ہے اس سے نوجوانوں میں ٹینس کو فروغ ملے گا۔