اے ٹی پی ٹور میں بڑا اپ سیٹ، رافیل نڈال اور نواک جوکووچ ہار گئے

Published On 22 November,2020 06:28 pm

لندن: (دنیا نیوز) اے ٹی پی ٹور میں ایک کے بعد ایک اپ سیٹ ہو رہا ہے۔ 20 بار کے گرینڈ سلیم چیمپئن رافیل نڈال روسی حریف میڈویڈف سے ہار کر باہر جبکہ عالمی نمبر ایک نواک جوکووچ کو بھی شکست ہو گئی۔ آسٹرین ڈومنک تھیم نے بھی فائنل میں رسائی پا لی۔

تفصیل کے مطابق لندن کے بلیو ٹینس کورٹ پر حیران کن مقابلے جاری ہیں۔ تجربہ کار رافیل نڈال کا روسی کھلاڑی میڈویڈف سے جوڑ پڑا۔ تگڑے میں پہلا سیٹ عالمی نمبر ٹو نڈال نے جیتا۔ نوجوان کھلاڑی نے کم بیک کرتے ہوئے دوسرا اور پھر تیسرا سیٹ جیت کر 20 بار کے گرینڈ سلیم چیمپئن کو نڈھال کر دیا۔

اس سے پہلے میچ میں نمبر ون نواک جوکووچ اور آسٹریا کے ڈومنک تھیم مدمقابل ہوئے۔ ابھرتے ہوئے کھلاڑی نے پہلے سیٹ سے ہی ٹاپ سیڈ کو ٹف ٹائم دیا۔ سات پانچ کی جیت کے بعد ڈومنک تھیم کو سات چھ کی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

تیسرے اور حتمی راؤنڈ میں جیت کر بڑی کامیابی اپنے نام کی۔ تین گھنٹے تک جاری رہنے والے اس میچ میں بھی بڑا اپ سیٹ ہی ہوا۔ ٹائٹل مقابلے سے نامور کھلاڑی آؤٹ، ڈومنک تھیم اور میڈویڈف کے درمیان مقابلہ ہوگا۔