حسن طارق اوپن ٹینس، عقیل اور مزمل فائنل میں داخل

Published On 11 December,2020 12:47 pm

لاہور: (روزنامہ دنیا) ٹاپ سیڈ عقیل خان اور مزمل مرتضیٰ نے حسن طارق رحیم اوپن ٹینس چیمپئن شپ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا ، خواتین ایونٹ کا فائنل اوشنا سہیل اور سارہ محبوب کے درمیان کھیلا جائے گا۔

 میڈیا رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ انعامی رقم والی حسن طارق رحیم اوپن ٹینس چیمپئن شپ لاہور جمخانہ کلب کے ٹینس کورٹس پر کھیلی جا رہی ہے ۔ چیمپئن شپ میں مینز ایونٹ کے سیمی فائنلز میں عقیل خان اور مزمل مرتضیٰ نے کامیابی حاصل کی اور فائنل کے لیے جگہ بنائی۔عقیل خان نے پہلے سیمی فائنل میں یوسف خان کو 2-6 اور 2-6 سے شکست دی جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں مزمل مرتضیٰ نے بڑے بھائی مدثر مرتضیٰ کو 2-6 اور 3-6 سے ہرایا۔ 

ویمنز ایونٹ کے سیمی فائنلز میں توقع کے مطابق اوشنا سہیل اور سارہ محبوب نے کامیابی حاصل کی۔ اوشنا سہیل نے عیشا جواد کو 0-6 اور 1-6 سے ہرایا جبکہ سارہ محبوب نے نور ملک کو 1-6 اور 2-6 سے شکست دی۔ فائنلز کل کھیلے جائیں گے ۔