انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کا ٹیلی کانفرنس اجلاس منگل کو ہوگا

Last Updated On 31 May,2020 06:25 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کی ٹیلی کانفرنس میں کوورنا وائرس کی وجہ سے معطل سرگرمیوں کی بحالی کا پلان اور طریقہ کار بھی طے کیا جائے گا۔

اراکین نئے مجوزہ انٹرنیشنل ایونٹ کیلنڈر اور وینیوز پر اپنی تجاویز دیں گے۔ شرکا ٹیلی کانفرنس میں ڈومیسٹک ہاکی اور ٹریننگ منصوبہ بندی کے بارے بتائیں گے۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر برگیڈیئر ریٹائرڈ خالد سجاد کھوکھر نے بتایا کہ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے صدر کے ساتھ ہمارے باقاعدگی سے رابطے جاری ہیں اور ہماری کوشش ہے کہ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن دو، تین ایونٹس پاکستان کو بھی الاٹ کرے جس سے پاکستان میں قومی کھیل ہاکی کو فروغ حاصل ہو۔

کورونا وائرس کی وبا کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں خالد سجاد کھوکھر نے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث پوری دنیا پریشان ہے اور لاکھوں کی تعداد میں اموات ہو چکی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس سے بچنے کا واحد حل ہے کہ احتیاطی تدابیر پر عمل کیا جائے اور کھلاڑی اپنے اپنے گھروں سے غیر ضروری طور باہر نہ نکلیں اور فزیکل فٹنس اور خوراک پر توجہ دیں۔