کوئٹہ: (دنیا نیوز) آل پاکستان انٹر یونٹ ہاکی ٹورنامنٹ کوئٹہ میں جاری ہے۔ بلوچستان ، سندھ اور کے پی کے کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے میں مصروف ہیں۔ ٹورنامنٹ کا فائنل 9 جولائی کو کھیلا جائے گا۔
کوئٹہ کے جنرل موسیٰ ہاکی سٹیڈیم میں شہدائے پولیس انٹر یونٹ ہاکی ٹورنامنٹ کے دلچسپ مقابلے جاری ہیں جس میں بلوچستان پولیس کے علاوہ سندھ پولیس اور خیبر پختونخوا پولیس کی ٹیمیں شریک ہیں۔
5 جولائی سے شروع ہونیوالے ٹورنامنٹ میں دیگر صوبوں سے آنیوالے ہاکی پلئیرز نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، دوسری جانب کھلاڑی بھی بلوچستان کی مہمان نوازی پر داد دیتے رہے، کہتے ہیں کہ اس طرح کے ٹورنامنٹس سے نئے کھلاڑی سامنے آ رہے ہیں۔
بلوچستان ہاکی ایسوسی ایشن کی جانب سے منعقدہ ٹورنامنٹ میں تینوں ٹیموں کے کھلاڑی اپنی ٹیموں کو کامیابی دلانے کے لیے سرتوڑ کوششیں کر رہے ہیں۔ منتظمین نے ٹورنامنٹ کے انعقاد پر حکومتی سرپرستی نہ ملنے کا گلہ بھی کیا۔
ماضی میں قومی کھیل ہاکی میں پاکستان ایک منفرد مقام رکھتا تھا جسکی بحالی کے لیے ضروری ہے کہ ملک میں ہاکی کے بنیادی ڈھانچے پر توجہ دیکر اسے مضبوط بنایا جائے تاکہ پاکستان میں ہاکی کی بنیاد میں بہتری لائی جا سکے۔