لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ڈالرز کی اونچی اڑان کے بعد کھلاڑیوں کو ڈیلی الاؤنس ڈالرز کی بجائے روپے میں دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری آصف باجوہ کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مارکیٹ میں ڈالر کی بڑھتی ہوئی قیمت اور ملک کی معاشی حالات کے پیش نظر آئندہ بیرون ملک دوروں پرقومی کھلاڑیوں کو ڈیلی الاؤنس ڈالر کی بجائے پاکستانی روپوں میں دیا جائے گا۔ یہ فیصلہ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی گرتی ہوئی ساکھ کو بحال کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔
آصف باجوہ کا کہنا تھا کہ ہاکی کی بہتری کے لیے تمام اولمپینز سے ملاقات کروں گا۔ سب سے پہلے اولمپک فارم کے سربراہ سابق کپتان منظور جونئیر سے ملاقات کروں گا۔ دوسرے مرحلے میں کراچی میں اصلاح الدیں، سمیع اللہ، حسن سردار، ایاز محمود، وسیم فیروز، قمر ابراھیم، کامران اشرف، حنیف خان اور دوسرے اولمپئنز سے بھی ملاقات ہونگی۔
پریس کانفرنس کے دوران ان کا کہنا تھا کہ کرپشن کے الزامات پر ادارے موجود ہیں۔ پی ایچ ایف کا ساڑھے تین سال کا فرانزک آڈٹ ہوچکا اگرکچھ بے قاعدگیاں نظر آئیں تو رپورٹ سامنے آجائے گی۔
آصف باجوہ کا کہنا تھا کہ اولمپکس کوالیفائنگ راونڈ میں شرکت کا انحصار 20 جون کو ہونے والی انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کی میٹنگ پر ہوگا جس میں صدر خالد سجاد کھوکھر اور وکیل شرکت کرکے پاکستان پر پرو ہاکی لیگ میں شرکت نہ کرنے کے فیصلے پر عائد جرمانے پر بات کریں گے۔