لاہور: (ویب ڈیسک) ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل آصف باجوہ نے اولمپین حنیف خان اور سابق انٹر نیشنل ہاکی پلیئر حیدر حسین سے ملاقات کی۔
آصف باجوہ نے ملاقات کے بعد کہا کہ کراچی میں موجودہ ہاکی کی صورتحال کے حوالے سے پی ایچ ایف صدر بریگیڈیئر (ر) خالد سجاد کھوکھر کی سربراہی میں تعمیری فیصلے کئے جائیں گے تاکہ کراچی جو کہ پاکستان کا حب ہے یہاں انٹرنیشنل سپانسرز ہمیں دستیاب ہوسکتے ہیں انکی مدد سے ہاکی کی ترقی و ترویج کے لئے مثبت اقدام اٹھا سکیں۔
یہ بھی پڑھیں: ہاکی کو عروج پر لانے کیلئے آصف باجوہ نے کمر کس لی
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن تمام لیجنڈز و اولمپیئنز کے ساتھ ملکر پاکستان ہاکی کی بہتری کیلئے اپنا کردار کرے گی، ہاکی کے بہتر مستقبل کیلئے تمام اولمپیئنز و سابق انٹر نیشنل کھلاڑیوں کو ایک پیچ پر جمع ہونا ناگزیر ہوچکا ہے.
اولمپیئن حنیف خان اور حیدر حسین نے پی ایچ ایف سیکریٹری آصف باجوہ سے ملاقات کے دوران انکی آمد پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ سندھ بھر میں قومی کھیل کی ترقی کے حوالے سے ملی یکجہتی کے ساتھ کام کریں گے.