لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان ہاکی کے لیے بری خبر آ گئی، قومی ٹیم کے ٹوکیو اولمپک گیمز میں شرکت کے امکانات ختم ہو گئے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق اولمپک پری کوالیفائنگ راونڈ کا آغاز 15 جون سے ہو رہا ہے۔ ایونٹ میں گرین شرٹس ٹیم حصہ نہیں لے پائے گی۔ آئر لینڈ، مصر، سکاٹ لینڈ، سنگا پور، جنوبی کوریا، یوکرائن، فرانس اور چلی کی ٹیموں کو کوالیفائنگ راونڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کو پرو ہاکی لیگ میں عدم شرکت کے باعث کوالیفائنگ راؤنڈ میں شامل نہیں کیا گیا جبکہ ایونٹ میں شرکت نہ کرنے پر ایف آئی ایچ نے پاکستان کو 25 ملین (دو کروڑ 50 لاکھ روپے) کا جرمانہ کیا ہوا ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن ایف آئی ایچ کا فیصلہ واپس کرانے کے لیے کوشاں ہے۔
سیکرٹری پاکستان ہاکی فیڈریشن آصف باجوہ کا کہنا ہے کوشش ہے پاکستان ٹوکیو اولمپکس کے لیے پری کوالیفائنگ راونڈ کھیلے، ایف آئی ایچ کو خط لکھ رہا ہوں اگر پاکستان کے لیے کوئی جگہ بنتی ہے تو موقع دیا جائے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ذاتی طور پراسلام آباد جاکر حکومتی شخصیات کے سامنے اس مسئلے کو اٹھاؤں گا۔
اس موقع پر رد عمل دیتے ہوئے صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن بریگیڈیئر (ر) خالد سجاد کھوکھر کا کہنا تھا کہ اس فیصلے پر کافی افسوس ہے۔ آنے والے دور میں پاکستان ہاکی اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرے گی۔