بیلجیئم کے کوچ نے تیسری پوزیشن کو بڑی کامیابی قرار دیدیا

Last Updated On 17 July,2018 06:06 pm

سینٹ پیٹرزبرگ: (روزنامہ دنیا) رابرٹومارٹینز نے فٹبال ورلڈکپ 2018 میں بیلجیئم کی تیسری پوزیشن کو بڑی کامیابی قرار دیا کہا کہ ہم نے ورلڈکپ میں بہت کچھ حاصل کرلیا۔

بیلجیئم کے منیجر رابرٹومارٹینز نے فٹبال کے عالمی میلے میں ٹیم کی تیسری پوزیشن کو تاریخی کامیابی قرار دے دیا۔ تیسری پوزیشن کے میچ میں انگلینڈ کو 2-0 سے شکست دینے کے بعد منیجر کا کہنا تھا کہ بیلجیئم ٹیم کے کھلاڑی اس تاریخی فتح کے حقدار تھے اور ہم نے اس ایونٹ میں بہت کچھ حاصل کرلیا ہے۔

مارٹینز کا مزید کہنا تھا کہ ایونٹ کے دوران تمام کھلاڑیوں نے بہترین کھیل پیش کیا اور مجھے امید ہے کہ وہ مستقبل میں اپنی کارکردگی میں مزید نکھار پیدا کریں گے۔ پر اعتماد کھلاڑیوں کے ساتھ کام کر کے بہت لطف اٹھایا اور اس کامیابی کے پیچھے مجھ سمیت ساری ٹیکنیکل ٹیم کی محنت ہے۔