ٹوبہ ٹیک سنگھ:(دنیا نیوز) وفاقی وزیراطلاعات عطاتارڑ نے کہا ہے کہ کینالز معاملے کو افہام وتفہیم کیساتھ حل کرنا ہے۔
پنجاب کے ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ اتحادی ہیں، ہمارے اتحادیوں کے جو مسائل ہیں ان کو دور کریں گے، وزیراعظم کی قیادت میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔
انہوں نے کہا کہ وفاق جو بھی منصوبہ شروع کرے گا، اتحادیوں کیساتھ مشاورت کریں گے، پیپلزپارٹی ہماری اتحادی ہے،تمام معاملات پر ان سے مشاورت ہوگی، ملک کی معاشی بہتری کیلئے اقدامات کئے جارہےہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ کرنٹ اکاؤنٹ1.1ارب ڈالرکے سرپلس میں ہے، کینالز معاملے پر سیاست نہیں ہونی چاہیے، ٹیم ورک کے نتیجہ میں معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے، دشمن شرائط لگا رہے تھے کہ پاکستان ڈیفالٹ ہو جائے گا، ہم ڈٰیفالٹ کےدہانے سے اٹھ کر اس مقام پر آئے ہیں۔
عطا تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی میں آپس میں تقسیم ہے ایک دوسرے سےلڑ رہےہیں، پی ٹی آئی اب12گروپس میں تقسیم ہوئی ہے، معیشت کی بہتری کا سلسلہ جاری رہے گا، پاکستان ترقی کرے گا، پی ٹی آئی سے بات چیت کا سلسلہ نظر نہیں آرہا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی صحافیوں اور پی ٹی آئی والوں کوآرمی چیف کےبیان سے تکلیف ہوئی، کینالز معاملے کو افہام وتفہیم کیساتھ حل کرنا ہے، اتحاد کا تقاضا ہے، اس معاملے کو مل بیٹھ کر حل کریں، اتحادیوں کے تحفظات دورکرنا ہمارا فرض ہے۔