آئندہ 24 گھنٹے کے دوران بیشتر علاقوں میں موسم سرد و خشک رہنے کا امکان

Published On 01 November,2024 07:34 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ بالائی علاقوں میں سرد رہنے کا امکان ہے، پنجاب کے زیادہ تر علاقےسموگ کی زد میں رہیں گے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتے کے روز اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے، خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں سرد رہنے کا امکان ہے۔

پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے، تا ہم سیالکوٹ، نارووال ، گوجرانوالہ، لاہور، شیخوپورہ، فیصل آباد، قصور، اوکاڑہ، بہاولپور، ملتان ،ڈی جی خان اور گرد و نواح میں صبح اور رات کے اوقات میں سموگ چھائے رہنے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے، سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اورخشک رہنے کی توقع ہے جبکہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔