لاہور: (دنیا نیوز) سینئرصوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی کے پیش نظر لاہوریوں کے لئے ایمرجنسی الرٹ جاری کر دیا۔
موسم کا احوال بتانے والوں کے مطابق دہلی، امرتسر اور چندی گڑھ کی سموگ تیز ہوا کے نتیجے میں لاہور میں داخل ہو رہی ہے، گزشتہ روز ہوا تھمتے ہی لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس 800 سے 191 پر آ گیا، بھارت سے چلنے والی 7 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں لاہور میں داخل ہونے سے آلودگی میں اضافہ ہوتا ہے ۔
بھارتی علاقوں میں فصل کی باقیات جلانے سے آلودگی بڑھی، تیز ہوا سے لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس بھی متاثر ہو رہا ہے، حکومت کی جانب سے شہریوں سے ماسک پہننے، کھڑکیاں، دروازے بند رکھنے کی اپیل کی گئی ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ہر شہری سے ماسک پہننے کی اپیل کی ہے۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے اس تناظر میں شہریوں سے اپیل کی ہے کہ بچے ماسک پہنیں، امرض قلب،پھیپھڑوں، سانس کے مریض اور بزرگ کھلی ہوا میں نہ جائیں، سموگ کی صورت حال میں بچوں کی حفاظت اور سہولت کے لیے سکول کا وقت صبح 8 بجکر 45 منٹ کیا گیا ہے، بچوں کو ماسک لازمی پہنائیں تاکہ انہیں موسمی شدت سے بچایا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: آلودہ ترین شہروں میں لاہور سرفہرست، سانس لینا محال، سکولوں کے اوقات تبدیل
انہوں نے کہا کہ والدین اور سکول انتظامیہ سے اپیل ہے حفاظتی انتظامات میں غفلت نہ برتیں، والدین بچوں کو ماسک کے بغیر سکول نہ لے کر جائیں، یہ بچوں کی صحت کی ضرورت ہے، ہم سب کا تعاون ہی اس مشکل سے نجات دلانے میں سب سے اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
سینئر صوبائی وزیر نے عوام سے اپنی گاڑیوں کوچیک کرنے، ٹریفک جام سے بچنے اور فصلوں کی باقیات کو نہ جلانے کی اپیل کی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ دھواں کرنے والی گاڑیاں بند ہوں گی، کوئی بھٹہ زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر نہیں چلے گا اور فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے والے گرفتار ہوں گے، ماحولیاتی آلودگی پھیلانے کی کسی بھی خلاف ورزی پر شہری 1373 یا گرین ایپ پر فوری اطلاع دیں۔