اسلام آباد:(دنیا نیوز) رہنما تحریک انصاف عمر ایوب نے کہا ہے کہ آئین کی خلاف ورزی کوہم چیلنج کریں گے۔
دنیا نیوزکےپروگرام’’دنیا مہربخاری کےساتھ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب کا کہنا تھا کہ آئینی ترمیم کا طریقہ کار ناقص تھا، پی ٹی آئی کے پانچ اراکین اسمبلی کوزدوکوب کرکےلایا گیا، ہمارے اراکین اسمبلی کہاں تھے، انویسٹی گیشن ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ سپیکرقومی اسمبلی سےبھی تحقیقات کرنے کا کہا ہے، پارلیمانی کمیٹی کے پاس بھی مسودہ نہیں تھا، ہم ملک گیراحتجاج کریں گے، احتجاج کب کرنا ہےوقت طے نہیں ہوا۔
رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی کےخلاف کوئی اورکیس نہیں ہے، بشریٰ بی بی کی رہائی سےمتعلق صبح پتہ چلےگا۔
عمر ایوب کا مزید کہنا تھا کہ آئین کی خلاف ورزی ہورہی ہے، آئین کی خلاف ورزی کوہم چیلنج کریں گے، امید ہےسپریم کورٹ کےجج میرٹ پرہمارا کیس سنیں گے۔