اسلام آباد: (دنیا نیوز) عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ ٹو کیس میں ضمانت کا معاملہ، بشریٰ بی بی کی روبکار جاری نہ ہو سکی، رہائی کا معاملہ ایک بار پھر لٹک گیا۔
سپیشل جج سینٹرل ایف آئی اے شاہ رخ ارجمند کی عدم دستیابی کے باعث روبکار جاری نہ ہو سکی، ڈیوٹی جج ہمایوں دلاور کے بھی رخصت پر ہونے کے باعث آج رہائی ممکن نہیں۔
پی ٹی آئی کے وکلا مچلکے لئے ایک عدالت سے دوسری عدالت چکر لگاتے رہ گئے، عدالتی وقت ختم ہو گیا۔
بشریٰ بی بی کے وکلا خالد یوسف چودھری اور خدیجہ صدیقی نے ایڈمنسٹریٹو جج راجہ جواد عباس کی عدالت کا بھی دروازہ کھٹکھٹایا ایڈمنسٹریٹو جج راجہ جواد عباس پہلے ہی کمرہ عدالت سے روانہ ہو چکے تھے۔
بشریٰ بی بی کے وکلا کی جانب سے سیشن جج ویسٹ کی عدالت سے بھی روبکار جاری کرنے کی استدعا کی گئی، جس پر عدالتی عملہ نے موقف اختیار کیا کہ سپیشل جج سینٹرل کے ڈیوٹی ججز کی لسٹ میں سیشن جج ویسٹ کا نام شامل نہیں۔