اسلام آباد: (دنیا نیوز) ارسا نے ربیع سیزن کیلئے پانی کی دستیابی اور تقسیم کے تخمینے تیار کر لیے۔
ارسا ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس چیئرمین ارسا کی زیر صدارت ہوا اجلاس میں ارسا ممبران ،واپڈا اور آبپاشی حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ ربیع سیزن میں آبپاشی کیلئے 2 کروڑ 19 لاکھ ایکڑ فٹ پانی دستیاب ہوگا، پانی کی دستیابی گزشتہ 10 سے 15 سال کی نسبت زیادہ ہوگی۔
ربیع سیزن میں دریاؤں میں 2 کروڑ 29 لاکھ ایکڑ فٹ پانی کا تخمینہ لگایا گیا ہے، ربیع سیزن میں 16 فیصد پانی کی قلت کا سامنا رہے گا، پانی کا شارٹ فال پنجاب اور سندھ کو برداشت کرنا پڑے گا۔
ارسا کے مطابق نہروں میں 3 کروڑ 11 لاکھ ایکڑ فٹ پانی دستیاب ہوگا، ربیع سیزن میں پنجاب کو 1 کروڑ 66 لاکھ ایکڑ فٹ پانی مہیا کیا جائے گا۔
سندھ کیلئے پانی کی دستیابی 1 کروڑ 25 لاکھ ایکڑ فٹ ہو گی، کے پی کیلئے پانی کی فراہمی 7 لاکھ ایکڑ فٹ ہو گی، بلوچستان کیلئے پانی کی دستیابی 11 لاکھ 70 ہزار ایکڑ فٹ ہو گی۔