پشاور:(دنیا نیوز ) پختونخوا میں صوبائی وزیر کے استعفیٰ کے معاملہ پر پارٹی کے دیگرکئی ناراض اراکین کا بھی شکیل خان سے رابطے کا انکشاف ہوا ہے۔
پارٹی ذرائع کےمطابق شکیل خان کےاستعفیٰ کے بعد ناراض اراکین نے رابطوں میں تیزی لانے کا فیصلہ کرلیا، صوبائی وزیر کو ڈی نوٹیفائی کرنے کی وجہ بھی سامنے آگئی ۔
ذرائع نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات اور صوبے کی صورتحال سےآگاہ کرنا شکیل خان کو مہنگا پڑگیا، عمران خان کو صورت حال سے آگاہ کرنے پرشکیل خان کو وزارت سے ہاتھ دھونا پڑا، بانی پی ٹی آئی سے ملاقات میں شکیل خان نے وزیراعلیٰ کے خلاف شکایات لگائی تھی۔
پارٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ شکیل خان کی طرف سے شکایات کرنے پر وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور ناراض تھے، شکیل خان کو پریس کانفرنس کرنے سے پہلےحکومت نے منانے کی کوشش کی، پریس کانفرنس کے دن ان کے ساتھ مشیراطلاعات بیرسٹر سیف کو مجبوراً بھیجا گیا۔
واضح رہے شکیل خان کا شمار ایم این اے عاطف خان، شہرام ترکئی اوراسد قیصر کے قریبی ساتھیوں میں ہوتا ہے۔