پشاور: (دنیا نیوز) مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ شکیل خان کے خلاف بدعنوانی اور بدانتظامی کی شکایات تھیں۔
پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ شکیل خان پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر منتخب ہو کر صوبائی وزیر بنے، شکیل خان کے خلاف بدعنوانی اور بد انتظامی کی شکایات تھیں، بانی پی ٹی آئی عمران خان نے شکیل خان کے خلاف شکایات کے حوالے سے کمیٹی بنائی ہے جس کی سفارشات پر شکیل خان کو ڈی نوٹیفائی کرنے کی سمری بھیجی گئی۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نے ڈی نوٹیفائی کرتے ہوئے سمری گورنر کو بھیجی، شکیل خان نے استعفیٰ دیا تو ڈی نوٹیفائی کرنے کی ضرورت نہیں، اب یہ کمیٹی کا استحقاق ہے کہ کب ثبوت سامنے لائے گی۔
یہ خبر بھی پڑھیں:خیبرپختونخوا کے وزیر تعمیرات و مواصلات شکیل خان عہدے سے مستعفی
بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت کے مطابق جس پر بھی کرپشن کا الزام ہوگا تو تحقیقات ہوں گی، یہ کمیٹی حکومت سے ماورا ہو کر پارٹی سطح پر بھی تحقیقات کر سکتی ہے، وزیراعلیٰ کیخلاف بھی شکایات ہوئیں تو تحقیقات ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ فیض حمید کا معاملہ فوج کا اندرونی مسئلہ ہے، 9 مئی پر سیاست کر کے تاثر دیا جا رہا ہے پی ٹی آئی ملک دشمن ہے، 9 مئی پر سیاست کر کے پی ٹی آئی کو فوج کے ساتھ لڑوایا جا رہا ہے۔
صوبائی مشیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے کئی کارکن گرفتار ہیں انہیں عدالتوں میں پیش کیا جائے، جن لوگوں نے توڑ پھوڑ کی ان کی ویڈیو ثبوت پیش کی جائے اور نشاندہی کی جائے۔