راولپنڈی: (دنیا نیوز) 9 مئی واقعات سے متعلق بشریٰ بی بی سے راولپنڈی پولیس کی ٹیم نے تفتیش کا پہلا مرحلہ مکمل کرلیا۔
مجموعی طور پر تقریباً 30 منٹ تک بشریٰ بی بی سے تفتیش کی گئی، تفتیش خاتون ڈی ایس پی شازیہ کی موجودگی میں اڈیالہ جیل کے کانفرنس روم میں کی گئی، تفتیش کے دوران بشریٰ بی بی سے راولپنڈی میں کئے گئے احتجاج، جلاؤ، گھیراؤ سے متعلق سوالات کئے گئے۔
بشریٰ بی بی سے تفتیش میں حساس مقامات کے سامنے احتجاج کی منصوبہ بندی بارے بھی سوالات کئے گئے، تفتیش کے دوران پولیس نے جمع شواہد کی بنیاد پر بھی مختلف سوالات کئے۔
راولپنڈی پولیس کی ٹیم تفتیش کیلئے ایس پی فیصل سلیم کی سربراہی میں اڈیالہ جیل گئی تھی، ٹیم میں ڈی ایس پی سکندر، ڈی ایس پی شازیہ، انسپکٹر قیصر، یعقوب شاہ، حسنین علی بھی شامل تھے، ٹیم میں جی ایچ کیو گیٹ، آرمی میوزیم حملہ مقدمات کے تفتیشی افسران بھی شامل تھے۔
واضح رہے کہ انسداد دہشتگردی عدالت نے پولیس کو ایک ہفتہ میں بشریٰ بی بی سے تفتیش مکمل کرنے کی ہدایت کر رکھی ہے، انسداد دہشتگردی عدالت نے 12 اگست کو بشریٰ بی بی کی 12 مقدمات میں ضمانت خارج کی تھی۔