لاہور: (دنیا نیوز) نواسہ رسولؐ اور ان کے جانثاروں کو سلام عقیدت پیش کرنے کیلئے ملک بھر میں یوم عاشور آج مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے، لاہور، کوئٹہ سمیت ملک کی مختلف شہروں میں آج موبائل فون سروس بند رکھی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق یوم عاشور کے سلسلے میں آج ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں ماتمی جلوس نکالے جائیں گے اور مجالس کا بھی اہتمام کیا جائے گا، جلوسوں اور مجالس میں حضرت امام حسین ؓ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔
کوئٹہ میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس چوک شہداء علمدار روڈ سے برآمد ہو ا ، جلوس روایتی راستوں علمدار روڈ، طوغی روڈ، میزان چوک، لیاقت بازار، جنکشن چوک، پرنس روڈ، میکانگی روڈ، نوریاسین گلی سمیت روایتی راستوں سے ہوتا ہوا واپس علمدار روڑ پر اختتام پذیر ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں نکلنے والے 9 محرم الحرام کے جلوس اختتام پذیر ہو گئے
جلوس میں 32 ماتمی دستے شامل ہیں، جلوس مغرب تک اختتام پذیر ہو گا، جلوس کی حفاظت کیلئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، جلوس کے روٹ سے ملنے والے تمام راستے سیل کر دئیے گئے، روٹ اور حساس علاقوں میں 6600 سے زائد اہلکار تعینات ہوں گے۔
چنیوٹ میں نو سنہری تعزیوں پر مشتمل سیج جلوس کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں، سیج تعزیوں کے جلوس رات ایک بجے شروع ہو جاتے ہیں، 40 سے 50 من وزنی سیج تعزیوں پر پالکی سائیاں اور چاند تارہ نہیں ہوتا، سیج تعزیے مختلف علاقوں اور تنگ گلیوں سے گزار کر چوک ترکھاناں لائے جاتے ہیں۔
تعزیے سحر کے وقت چوک ترکھاناں پہنچتے ہیں، آذان فجر کے وقت تمام تعزیوں کے جلوس واپس اپنے گھروں کو چلے جاتے ہیں، 10 محرم کو مکمل تعزیوں کے جلوس دوپہر کے بعد پھر میدان ترکھانا کیطرف روانہ ہوتے ہیں، تعزیوں کے تمام جلوس میدان ترکھانا میں مغرب سے پہلے پہنچ جاتے ہیں۔
دوسری جانب یوم عاشور پر حکومت نے لاہور سمیت پنجاب بھر میں موبائل فون سروس مکمل بند نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، صرف جلوس اور مجالس والے علاقوں میں موبائل فون سروس معطل کی جائے گی، کوئٹہ میں آج صبح چھ بجے سے رات بارہ بجے تک موبائل سروس بند رہے گی۔
یاد رہے گزشتہ روز 9 ویں محرم الحرام کی مناسبت سے مجالس اور جلوس منعقد ہوئے، کراچی میں نشتر پارک سے برآمد ہونے والا مرکزی جلوس حسینہ ایرانیاں کھارادر پہنچ کر اختتام پذیر ہوا جس میں عزاداروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی، جلوس کی گزر گاہوں پر سکیورٹی کے سخت انتظامات تھے۔
لاہور میں 9 ویں محرم کا مرکزی جلوس مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا پانڈو سٹریٹ پہنچ کر ختم ہو گیا، عزا داروں نے غم حسین میں نوحہ خوانی اور ماتم داری کی، لاہور کے علاوہ پشاور، کوئٹہ، راولپنڈی اور دیگر شہروں میں بھی مرکزی جلوس برآمد ہو کر اپنی منزل پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوئے۔
گزشتہ روز بھی جلوسوں کے دوران سکیورٹی کے پیش نظر جیکب آباد، شکارپور میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بند رہی، پشاور اور کوئٹہ میں بھی موبائل سروس جزوی طور پر معطل کی گئی جسے رات گئے بحال کر دیا گیا۔