ملتان: (دنیا نیوز) ملتان میں یوم عاشور پر استاد اور شاگرد کے تاریخی تعزیئے برآمد ہو کر اپنے روایتی راستوں پر گامزن ہیں جن کی زیارت کیلیے عزاداروں کی بڑی تعداد ماتمی جلوسوں میں شریک ہے۔
استاد کا تعزیہ محلہ جھک کی امام بارگاہ سے برآمد ہوا جو پاک گیٹ سے حرم گیٹ چوک پہنچ چکا ہے جبکہ شاگرد کا تعزیہ النگ خونی برج سے برآمد ہو کر پاک گیٹ سے ہوتا ہوا حرم گیٹ پہنچ چکا ہے اور دونوں تعزیوں کو حرم گیٹ چوک پر زیارت کیلیے رکھ دیا گیا ہے جس میں شریک عزاداروں کی جانب سے زنجیر زنی اور ماتم کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
دوسری جانب یوم عاشورپر مجموعی طور پر ایک سو ایکیس جلوس برآمد ہوئے ہیں جن ہیرا حیدریہ اور لعل شاہ کا مرکزی ماتمی جلو س بھی شامل ہے جو گھنٹہ گھر اور واٹر ورکس روڈ سے ہوتے ہوئے بعد نماز مغرب حضرت شاہ شمس سبزواری کے مزار کے احاطے میں قائم کربلا میں اختتام پزیر ہونگے۔ جلوسوں کی سیکورٹی کیلیے بھی انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں جن کی فضائی نگرانی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔