اسلام آباد: (دنیا نیوز) یوم عاشور پر صدر عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج کے دن حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ نےدین کی سربلندی اور حق و صداقت کی خاطر اہلِ بیت اور دیگر جانثار ساتھیوں کے ہمراہ جامِ شہادت نوش فرمایا۔ وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اسلام آج شہدائے کربلا کی قربانیوں کی بنا پر زندہ ہے۔
صدر مملکت عارف علوی نے یومِ عاشور پر اپنے پیغام میں کہا کہ آج کے دن حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ نے ایک ظالم حکمران کی بیعت کرنے سے انکار کرتے ہوئے دین کی سربلندی اور حق و صداقت کی خاطر اہلِ بیت اور دیگر جانثار ساتھیوں کے ہمراہ جامِ شہادت نوش فرمایا، انہوں نے کہا کہ نواسہ رسول ﷺ نے کربلا کے تپتے ہوئے میدان میں حق کی خاطر اپنا سر تو کٹایا مگر اسے باطل قوتوں کے سامنے جھکنے نہ دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ یومِ عاشور حق و باطل کے لازوال معرکے کی یاد دلاتا ہے، سیدنا امام حسینؓ اور ان کے جانثار ساتھیوں نے باطل کی اطاعت سے انکار کیا، شہادت امام حسینؓ اُمت مسلمہ کیلئے عظیم درس ہے۔ امام حسینؓ اور ساتھیوں نے جانوں کا نذرانہ دے کراسلام کو جلا بخشی۔ وطن عزیز کو مشکلات سے نکالنے کیلئےاسی صبر اور ہمت کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے۔