کراچی: (رطابہ عروس) شہر قائد کراچی کے افق پر کہیں ہلکے اور کہیں گہرے بادلوں کا راج برقرار ہے جبکہ مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے جاری بوندا باندی سے موسم دلفریب ہو گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کےعلاقوں شارع فیصل، اولڈ سٹی ایریا، صدر، سول لائن کے اطراف میں بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہو گیا اور گرمی کی شدت میں بھی کمی ہوئی ہے جبکہ کلفٹن، نیلم کالونی اور سی ویو کے اطراف بھی بوندا باندی کا سلسلہ جاری ہے۔
موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ مرطوب موسم کے باعث دن کے اوقات میں گرمی کی شدت زیادہ محسوس کی جائے گی ،آج کم سےکم درجہ حرارت 30.5 ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیا گیا اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے جبکہ ہوامیں نمی کا تناسب 76 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔