حکمرانوں کی غریب کش پالیسیوں سے ملک مہنگائی، بیروزگاری کا شکار ہوا: خٹک

Published On 26 January,2024 08:51 pm

نوشہرہ: (دنیا نیوز) تحریک انصاف پارلیمنٹرینز کے سربراہ پرویز خٹک نے کہا کہ حکمرانوں کی غریب کش پالیسوں کی وجہ سے ملک مہنگائی، بے روزگاری اور بھوک کا شکار ہوا۔

پرویز خٹک نے نوشہرہ کے علاقے کڑوی اور بدرشی میں انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آٹھ فروری کو پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرینز بھاری اکثریت سے خیبرپختونخوا میں حکومت بنائی گئی، عوام کو ان کی دہلیز پر انصاف مہیا کریں گے، بانی تحریک انصاف نے تبدیلی کا نعرہ لگا کرعوام کو دھوکہ دیا، خیبرپختونخوا کی عوام نے بانی تحریک انصاف کو بھاری مینڈیٹ دیا تھا۔

سربراہ پی ٹی آئی پی نے مزید کہا کہ بانی تحریک انصاف نے پختونوں کے مینڈیٹ کی توہین کی، میں نے نوشہرہ کی عوام کی چالیس سال تک بے لوث خدمت کی، نوشہرہ کو ہمیشہ ہمیشہ کے لئے سیلاب سے محفوظ بنا دیا ہے، مولانا فضل الرحمان اسلام کا نام لیکر اسلام اباد کا خواب دیکھ رہے ہیں۔

پرویز خٹک نے کہا کہ روٹی، کپڑا، مکان کا نعرہ لگا کر غریب کے منہ سے دو وقت کی روٹی بھی چھین لی گئی ہے، مخالفین کی ضمانتیں ضبط کرائیں گے، آزاد امیدوار جیت کر میرے قافلہ میں شامل ہوں گے۔