اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا کہ انتخابی نشانات کی تبدیلی کا عمل جاری رہا تو الیکشن میں تاخیر کا خدشہ پیدا ہوگا۔
ترجمان الیکشن کمیشن نے انتخابی نشان الاٹ ہونے کے بعد مختلف فورمز سے انتخابی نشان تبدیل کئے جانے کے معاملہ پر کہا کہ کمیشن بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا آرڈر دے چکا، پرنٹنگ کا کام بھی شروع ہوگیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ بیلٹ پیپر دوبارہ پرنٹ کرانا پڑیں گے جس کیلئے پہلے ہی وقت محدود ہے، جو سپیشل کاغذ بیلٹ پیپرز کیلئے مہیا ہے وہ بھی ضائع ہوجائے گا، 2018ء کے انتخابات میں 800 ٹن کاغذ بیلٹ پیپر کی چھپائی کیلئے استعمال ہوا تھا، اس بار 2024ء کے انتخابات میں 2070 ٹن کاغذ استعمال ہونے کا تخمینہ ہے۔
الیکشن کمیشن کے ترجمان نے مزید بتایا کہ 2018ء میں 220 ملین بیلٹ پیپرز چھپوائے گئے تھے، اس بار 260 ملین بیلٹ پیپرز چھپوائے جا رہے ہیں، الیکشن کمیشن میٹنگ کر رہا ہے کہ اس صورتحال سے کیسے نبرد آزما ہوا جائے۔
ترجمان نے کہا کہ نشانات تبدیلی کا سلسلہ نہ رکا تو ایسے حلقوں میں الیکشن التواء کے علاوہ کوئی راستہ نہیں رہے گا۔