سیالکوٹ: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر خواجہ آصف نے کہا کہ ووٹ کی طاقت سے ترقی کے دور کو واپس لائیں گے۔
مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر خواجہ آصف نے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں جس طرح آر ٹی ایس بٹھایا گیا تھا میرے کارکنوں نے پھر بھی انہیں شکست دی، ورکر اپنی تیاری مکمل کر لیں، فصل چند دنوں میں تیار ہو جائے گی، ہم آنے والے دنوں میں اپنی پلاننگ آیاں کریں گے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ اس وقت کی عدلیہ اور اسٹیبلشمنٹ نے سازش کے ذریعے ترقی کا راستہ روک کر میاں نوازشریف کو گھر بھیجا تھا، ملک کو تباہی کے دہانے سے واپس لانے والا صرف ایک ہی شخص ہے اس کا نام نوازشریف ہے۔
سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ یہ روڈ اور پل نوازشریف کی حکمرانی کا تحفہ ہیں، چارسالوں میں اس شہر میں ایک اینٹ نہیں لگائی گئی، پورا پاکستان آج نوازشریف کے ساتھ کھڑا ہے، پاکستان کسی چور اور نوسرباز کے ساتھ نہیں کھڑا، آج بلے کا نشان واپس ہونے پر رولا ڈال رہے ہیں جب ہمارا نشان شیر چھینا گیا تھا ان کو وہ وقت یاد نہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ جب جعلی الیکشن کروائیں گے تو عدلیہ نشان چھین ہی لے گی، نوجوان نسل کو دو کروڑ نوکریاں ملنی تھیں کہاں دی گئیں؟ لون کس کس کو دیا گیا؟ ہمارے پاس بھی فرشتے موجود ہیں، ہمیں علم ہے یوم حساب ضرور آئے گا، کارکن ووٹوں کے لئے ہر ووٹر کے پاس پہنچیں، ہمیں ووٹوں کی حفاظت یقینی بنانا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم ووٹ کی عزت پامال نہیں ہونے دیں گے، میاں نوازشریف جہاں سفر منقطع ہوا تھا وہیں سے ترقی کے سفر کا آغاز کرے گا۔