الیکشن میں مقابلہ عوام کا درد رکھنے والوں اور عوام کو لوٹنے والوں کا ہے: فاروق ستار

Published On 16 January,2024 11:03 pm

کراچی: (دنیا نیوز) ایم کیو ایم کے سینئر ڈپٹی کنوینر فاروق ستار نے گلشن معمار میں الیکشن آفس کےافتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پورے ملک میں انتخابی بخار زور پکڑرہا ہے۔

فاروق ستار نے کہا کہ یہ کراچی کا واحد حلقہ ہے جو پاکستان کی ہر زبان بولنے والا اس حلقے میں رہتا ہے، ہر مذہب کا پاکستانی بھی اس حلقے میں رہتا ہے، ہر مسلک کے لوگ یہاں ملتے ہیں، 15سال سے سندھ کے شہری علاقوں کو نظر انداز کیا گیا۔

ایم کیو ایم کے سینئر ڈپٹی کنوینر نے مزید کہا کہ لاڑکانہ میں کون سے ہیرے لگا دیئے؟ 15سال میں پیپلزپارٹی کی بدترین سیاست تھی، 40 ہزار ارب روپے کا آڈٹ ہونا ہے، اس کے بعد وہ لوگوں سے ووٹ مانگنے اور شکل دکھانے کا حق رکھتے ہیں؟

فاروق ستار نے کہا کہ پیپلزپارٹی غریبوں سے ووٹ لیتی ہے مگرنہ پینے کا پانی ہے نہ ہی بجلی ہے، مقابلہ عوام کا درد رکھنے والوں اور عوام کو لوٹنے والوں کا ہے۔