اسلام آباد: (دنیا نیوز) عام انتخابات میں لیول پلیئنگ فیلڈ کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف کی الیکشن کمیشن کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سپریم کورٹ میں سماعت آج ہوگی۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ کیس کی سماعت کرے گا، جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس مسرت ہلالی بنچ کا حصہ ہیں۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ میں 3 جنوری کو ہونے والی سماعت کے دوران عدالت نے ریمارکس دیئے تھے کہ الیکشن کمیشن شفاف انتخابات یقینی بنائے۔
7 جنوری کو الیکشن کمیشن نے اپنا جواب سپریم کورٹ میں جمع کروا دیا تھا جس میں تحریک انصاف کے لیول پلیئنگ فیلڈ نہ فراہم کرنے کے الزامات مسترد کرتے ہوئے سپریم کورٹ سے استدعا کی تھی کہ تحریک انصاف کی درخواست کو جرمانے کے ساتھ مسترد کیا جائے۔
8 جنوری کو ہونے والی گزشتہ سماعت کے دوران چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے پی ٹی آئی کے وکیل لطیف کھوسہ سے استفسار کیا تھا کہ کیا آپ چاہتے ہیں آپ کے 100 فیصد کاغذات نامزدگی منظور ہوں؟ جس پر لطیف کھوسہ نے کہا تھا کہ مجھے 3 دن کا وقت دے دیں الیکشن کمیشن کی رپورٹ پر جواب جمع کرا دوں گا۔
بعدازاں عدالت نے پی ٹی آئی کی لیول پلینگ فیلڈ عدم فراہمی پر توہین عدالت کی درخواست پر سماعت 15 جنوری تک ملتوی کر دی تھی۔