کے پی کے سے پی ٹی آئی کا مکمل صفایا کرکے دم لوں گا: پرویز خٹک

Published On 14 January,2024 09:06 pm

نوشہرہ: (دنیا نیوز) چیئرمین پی ٹی آئی پارلیمنٹرینز پرویز خٹک نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا خیبر پختونخواہ سے مکمل صفایا کرکے ہی دم لوں گا۔

نوشہرہ میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی حکومت اگر قائم تھی تو وہ میری وجہ سے تھی، آئندہ پانچ سالوں میں تحریک انصاف مکمل طور پر ختم ہوجائے گئی۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم سے تحریک انصاف کے جھوٹ کا بھانڈا بیچ چوراہے پھوٹ گیا، غلط پالیسوں کی وجہ سے پاکستان اور تحریک انصاف اس نہج پر پہنچی، بانی پی ٹی آئی کا کوئی نظریہ نہیں، وہ اقتدار کی خاطر کچھ بھی کر گزرنے کو تیار تھا۔

پرویز خٹک نے کہا کہ پی ٹی آئی میں 2010 کے بعد کوئی صیح الیکشن نہیں ہوا، بعد میں جو بھی الیکشن کیا گیا اس میں سلیکشن کی گئی جعلی کاغذ تیار کئے گئے، جو پارٹی اپنے اندر جمہوریت پیدا نہیں کرسکتی تو ان سے جمہوریت کی کیا توقع ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے پاس نہ پلان ’’اے‘‘ ہے نہ پلان ’’بی یا سی‘‘، ان کا بیڑا غرق اور قصہ ختم ہوگیا، اب آزاد حثیت سے الیکشن لڑیں گے، فیصد مخصوص نشستیں بھی گئیں، آزاد امیدوار کا کیا پتہ جیت کر کل کسی کا ہوجائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہماری پارٹی نئی پارٹی ہے پورے خیبرپختونخوا میں انتخابی مہم چلا رہے ہیں، پورے صوبے میں تقربنا 70فیصد حلقوں سے امیدواروں کو کھڑا کیا ہے۔