تیر کا مقابلہ عوام کا خون چوسنے والے شیر سے ہے، ملکر شکار کریں گے: بلاول بھٹو

Published On 14 January,2024 08:26 pm

خیرپور: (دنیا نیوز) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ تیر کا مقابلہ عوام کا خون چوسنے والے شیر سے ہے، ہم اس کا ملکر شکار کریں گے۔

پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے خیر پور میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں پیپلزپارٹی کے خیرپور کے کارکنوں کا شکرگزار ہوں، آج خیرپور کے عوام نے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے، 8 فروری کو دنیا کی کوئی طاقت جیالوں کا راستہ نہیں روک سکتی۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ آپ میرے ہو اور میں آپ کا ہوں، اگرآپ اس جوش اور جذبے سے نکلتے ہیں تو 8 فروی کو ہم کو کامیابی سے کوئی نہیں روک سکتا، یہ خیر پور کے جیالے تھے جنہوں نے ذوالفقار بھٹو اور بے نظیر بھٹو کا ساتھ دیا اور انہوں نے ہر آمر کا مقابلہ کیا، کسی آمر اور ظالم کے سامنے کبھی نہیں جھکے۔

یہ بھی پڑھیں: یہ کیسا شیر جو گھر میں چھپا بیٹھا ہے، بزدلوں کو گھر میں گھس کر ماروں گا: بلاول بھٹو 

چیئرمین پی پی نے کہا کہ جیالا وزیراعلیٰ سندھ ہو گا اور جیالا ہی وزیراعظم ہو گا، شہید بھٹو نے ملک کی قسمت بدلی، ہماری سیاست کے ساتھ لاہور کے پرانے سیاست دان جو کر رہے ہیں اس سے انہوں نے عوام کو تقسیم کر دیا ہے، جب ہماری حکومت ہوگی ہم نفرت کی سیاست نہیں کریں گے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ میرا وعدہ ہے اللہ نے موقع دیا تو تنخواہیں ڈبل کر کے دکھائیں گے، پاکستانی عوام پیپلزپارٹی کی حکومت بنوائیں 300 یونٹ بجلی فری دوں گا، دیگر جماعتوں کے پاس نہ کوئی منشور ہے اور نہ ہی کوئی نظریہ ہے، ہم حکومت بنانے جا رہے ہیں، عوامی راج قائم کرنے جا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: الیکشن میں نوازشریف کا نعرہ ہوگا ’’مجھےکیوں بلایا‘‘: بلاول بھٹو زرداری

پی پی کے چیئرمین نے کہا کہ ن لیگ والے کہتے ہیں کہ پیسہ نہیں ہے، میں کہتا ہوں کہ پیسہ ہے تم نے اس کو چوری کیا ہے، جس افسر نے سیلاب متاثرین کا حق چھینا ہے خود اس سے حساب لوں گا، ہم 17 وزارتیں ختم کریں گے جن پر 3 سو ارب خرچ ہو رہے ہیں، غریب خواتین کو بلا سود قرضہ دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آپ میری حکومت بنائیں اشرافیہ کی سبسڈی کو ختم کر دیں گے، الیکشن میں صرف 2 جماعتیں ہیں، ایک پیپلزپارٹی اور دوسری مسلم لیگ (ن) ہے، آپ میرا 10نکاتی ایجنڈ گھر گھر لے کر جائیں، اگر ہمارے امیدواروں سے کوئی غلطی ہوئی ہے تو ان کو میری خاطر معاف کر دیں۔