اوکاڑہ: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) آج سے انتخابی مہم کا باقاعدہ آغاز کرنے کیلئے اوکاڑہ میں سیاسی پاور شو کرے گی۔
مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر اور سینئر نائب صدر مریم نواز اوکاڑہ میں جلسہ عام سے خطاب کریں گی۔
اوکاڑہ کے فٹبال گراؤنڈ میں جلسے کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں، 20 فٹ چوڑا اور 88 فٹ لمبا سٹیج بھی تیار کر لیا گیا، جلسہ گاہ کے اندر اور باہر لیگی قائدین کے فلیکسیز اور پارٹی پرچم آویزاں کر دیئے گئے۔
اس موقع پر متوالوں کا لہو گرمانے کیلئے ساؤنڈ سسٹم بھی نصب کر دیا گیا، جلسے کیلئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔
رات گئے جلسہ گاہ میں پارٹی کارکنان کی جانب سے آتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا۔
پارٹی کی ضلعی قیادت نے آج کے جلسے میں 50 ہزار کارکنان اکٹھے کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے بتایا کہ فٹبال سٹیڈیم اوکاڑہ میں ابھی 20 ہزار کرسیاں لگائی جا رہی ہیں۔
دوسری جانب مسلم لیگ (ن) نے 15 جنوری سے 30 جنوری تک انتخابی جلسوں کو حتمی شکل دے دی ہے، نوازشریف اور مریم نواز الگ الگ انتخابی مہم چلائیں گے اور مختلف اضلاع میں عوامی جلسوں سے خطاب کریں گے۔