راولپنڈی: (دنیا نیوز) انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پاک فوج نے مؤثر طریقے سے دہشتگردوں کے ٹھکانے کا پتہ لگایا، فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد زخمی ہو گیا، سکیورٹی فورسز نے دہشتگرد کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے میں حوالدار محمد ظہیر شہید ہو گئے، 41 سالہ حوالدار محمد ظہیر کا تعلق ضلع مردان سے ہے، علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پاک افواج دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں، ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔