راولپنڈی: (دنیا نیوز) انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کے دوران 4 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں ایک خودکش بمبار سمیت 4 دہشت گرد ہلاک ہو گئے، ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا، مارے گئے دہشت گرد سکیورٹی فورسز کے خلاف متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں سرگرم رہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گرد ہائی پروفائل دہشت گردانہ حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے، سکیورٹی فورسز کی بھرپور جوابی کارروائی کے باعث خطرہ ٹل گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے، سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔