راولپنڈی: (دنیا نیوز) انٹرسروسز پبلک ریلیشنز ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق افغانستان کی جانب سے پاکستان کی فوجی چوکی پر دہشت گردوں کی فائرنگ سے جام شہادت نوش کرنے والے سپاہی کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔
نائیک عبدالرؤف شہید کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ آبائی علاقے میں سپرد خاک کر دیا گیا، نماز جنازہ میں شہید کے اہل خانہ، عزیز و اقارب، پاک فوج کے افسران، عمائدینِ علاقہ اور لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
شہید نائیک عبدالرؤف نے سوگواران میں والدین، بہن، اہلیہ اور ایک بیٹا چھوڑا، آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے بہادر جوانوں کی یہ قربانیاں دہشت گردی کیخلاف جنگ میں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ مادر وطن سے دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے تک ہماری یہ جنگ جاری رہے گی۔