آواران: (دنیا نیوز) سکیورٹی فورسز نے مشکئی میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کر کے 5 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ضلع آواران کے علاقے مشکئی میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاعات پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، دوران آپریشن فائرنگ کے شدید تبادلے میں 5 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
پاک فوج کے ترجمان ادارے نے بتایا کہ فورسز نے دہشت گردوں کا ٹھکانہ تباہ کر کے ہتھیار، گولہ بارود برآمد کر لیا، علاقے میں دیگر دہشت گردوں کی تلاش اور خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز قوم کے تعاون سے دشمن کی ہر سازش ناکام بنا دیں گی، بلوچستان میں امن واستحکام اور ترقی کا عمل سبوتاژ نہیں ہونے دیں گے۔