اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق مشعال حسین ملک نے کہا ہے کہ معاشرے میں ٹرانسجینڈرز کے حقوق کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنے کیلئے ضلعی سطح پر کمیٹیاں بنائی جائیں گی۔
وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق مشعال حسین ملک نے عبدالقدیر خان فاؤنڈیشن اور دریچہ فاؤنڈیشن کے تعاون سے ٹرانسجینڈر کمیونٹی کی فلاح و بہبود کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں تعلیم، صحت، سماجی تحفظ کی سہولیات فراہم کی جائیں گی اور منشیات کی روک تھام کے ساتھ ساتھ ٹرانسجینڈرز کو صحت مند سرگرمیوں میں شامل کیا جائے گا۔
مشعال ملک نے مزید کہا کہ نگران حکومت ٹرانسجینڈر کمیونٹی کے حقوق کے تحفظ کیلئے کوشاں ہے اور سو دن کے منصوبے کے تحت اس کمیونٹی کے افراد کو پالیسی سازی میں شامل کیا جائے گا تاکہ ان لوگوں کے سماجی تحفظ کو نچلی سطح پر یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ کہ ٹرانسجینڈر ایکٹ جس کے تحت اس کمیونٹی کو قانونی حیثیت ملی، جائیداد میں حصہ اور بنیادی صحت، تعلیم، جنسی تشدد سے بچاؤ کے لئے اقدامات شامل ہیں کے نفاذ کو ملکی اور علاقائی سطح پر لاگو کرنے کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ ٹرانسجینڈر کمیونٹی خود کو کسی سے کم تر مت سمجھیں وہ بھی اس معاشرے کا حصہ اور برابر کے شہری ہیں۔