کراچی: (دنیا نیوز) سندھ کی وزارت ثقافت نے دستکاری کے فروغ کیلئے کلچر مارٹ قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
نگران وزیر ثقافت جنید علی شاہ نے کہا کہ کلچر مارٹ میں سندھ کے دستکاروں کیلئے فری سٹال لگائے جائیں گے، سندھی دستکاری دنیا بھر میں قومی ثقافت کی پہچان ہے، سندھ کی دستکاری کو عالمی سطح پر فروغ دینے کیلئے اقدامات کررہے ہیں۔
جنید علی شاہ نے مزید کہا کہ سندھ کے دستکاروں کو ہاتھوں سے بنائی اشیاء کا معقول معاوضہ مل سکے گا، سندھی دستکاری ایک بڑی گھریلو صنعت کے طور پر موجود ہے، سندھی دستکاری گھریلو صنعت ہونے کے ساتھ ساتھ سندھ کی ثقافت کا بھی حصہ ہے۔
نگران صوبائی وزیر نے کہا کہ کلچر مارٹ کے پلیٹ فارم سے سندھی دستکاری شہری علاقوں تک آسانی سے پہنچے گی، گھریلو دستکاری سے بننے والے خوبصورت دیدہ زیب ملبوسات، بیڈ شیٹس، چادریں اور دیگر اشیاء کلچر مارٹ میں فروخت کیلئے دستیاب ہوں گی۔