لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے چلڈرن ہسپتال کی ایمرجنسی اور دیگر وارڈز میں اپ گریڈیشن کا کام تیز کرنے کی ہدایت کر دی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے رات گئے شدید سردی میں چلڈرن ہسپتال کا تفصیلی دورہ کیا اور ہسپتال کی اپ گریڈیشن کے کاموں پر پیش رفت کا جائزہ لیا، محسن نقوی نے مین کوریڈور، استقبالیہ کاؤنٹرز کا معائنہ کیا اور کام کے معیار کو چیک کیا۔
اس موقع پر سیکرٹری تعمیرات و مواصلات اور سیکرٹری صحت نے اپ گریڈیشن کے تحت کاموں پر ہونے والی پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی، دوران بریفنگ بتایا گیا کہ اپ گریڈیشن پراجیکٹ کے تحت ٹائلز لگانے اور فنشنگ ورک شروع ہو چکا ہے۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ بجلی اورایئرکنڈیشن کی وائرنگ کے کام میں معیار اور حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے، وائرنگ کے کام کو آئندہ 3 روز میں مکمل کیا جائے۔
محسن نقوی نے مین کوریڈور میں ٹائلز لگانے کے کام کو جلد مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے مین کوریڈور میں تیز رفتاری سے کام پر سیکرٹری تعمیرات ومواصلات، سیکرٹری صحت اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔
نگران وزیراعلیٰ نے رات کو کام کرنے والے مزدوروں سے ملاقات کی اور رات گئے تک محنت سے کام کرنے پر شاباش دی۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پنجاب میں 100 سے زائد ہسپتالوں میں سہولتوں کی بہتری کا ٹاسک 31 جنوری تک مکمل کریں گے، پوری ٹیم دن رات کوشاں ہے، انشاءاللہ خلوص نیت سے کی جانے والی محنت کا ثمر عوام کو ضرور ملے گا۔
صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر، سیکرٹری تعمیرات ومواصلات، سیکرٹری صحت، کمشنر لاہور، ڈپٹی کمشنر اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔