نگران وزیراعلیٰ پنجاب کا چڑیا گھر کا دورہ، اپ گریڈیشن کے کاموں کا جائزہ

Published On 31 December,2023 01:05 pm

لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے چڑیا گھر میں جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا معائنہ کیا اور پرانی تعمیرات نہ گرانے پر ناراضگی کا اظہار کیا۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ پرانی تعمیرات کو بر وقت مسمار کیوں نہیں کیا گیا؟، پرانی تعمیرات کو جلد مسمار کیا جائے اور کاموں کو مزید تیز کیا جائے، اب انتظار کیے بغیر پرانے سٹرکچرز کو گرایا جائے، مزید تاخیر نہ کی جائے۔

محسن نقوی نے انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی پنجاب کی ٹیم کو بھی چڑیا گھر طلب کرلیا اور کہا کہ لاہور چڑیا گھرمکمل طور پرنیا اورمنفرد نظر آنا چاہیے، انہوں نے شہریوں خصوصاً بچوں کی تفریح کیلئے نئے جانور لانے کے عمل کو بھی تیز کرنے کی ہدایت کی۔

نگران وزیراعلیٰ نے چڑیا گھر میں زیر تعمیر پل کا بھی معائنہ کیا اور سانپ گھر، زرافہ ہاؤس، شیر گھر،ہاتھی گھر، مچھلی گھرکا جائزہ لیا اور اپ گریڈیشن پروگرام کے تحت جانوروں کے پنجروں کو کشادہ رکھنے کی ہدایت کی، وزیراعلیٰ نے شیروں اور دیگر جانوروں کی خوراک اور دیکھ بھال پر خصوصی توجہ دینے کی بھی ہدایت کی۔

ان کا کہنا تھا کہ جانوروں کیلئے عالمی معیار کے پنجرے بنائے جائیں، لاہور چڑیا گھر کو انٹرنیشنل سٹینڈرڈ کے مطابق اپ گریڈ کرنے کے حوالے سے کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

سیکرٹری اور ڈی جی وائلڈ لائف نے لاہور چڑیا گھرکے اپ گریڈیشن پلان پر ہونے والی پیشرفت کے بارے میں وزیراعلیٰ کو بریفنگ دی، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، ڈی جی پی ایچ اے،ڈپٹی کمشنر اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجو دتھے۔