لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کی جانب سے خواتین کی مخصوص نشستوں کی فہرست جاری نہ کرنے کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا۔
پی ٹی آئی نے دائر کردہ درخواست میں عدالت سے استدعا کی ہے کہ الیکشن کمیشن کو خواتین کی مخصوص نشستوں کی فہرست جاری کرنے کا حکم دیا جائے۔
وکیل پی ٹی آئی کا کہنا ہے پشاور ہائیکورٹ کی جانب سے یہ فیصلہ معطل کیا جاچکا ہے، لاہور ہائیکورٹ سے درخواست پر آج ہی سماعت کی استدعا کی گئی ہے۔
چند روز قبل خبر سامنے آئی تھی کہ الیکشن کمیشن نے ان 8 جماعتوں کی فہرست جاری کی ہے جنہوں نے مخصوص نشستوں کے لیے امیدواروں کی ترجیحی فہرستیں جمع کرائی ہیں۔
جن جماعتوں کے نام جاری کیے گئے ہیں ان میں پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز، پاکستان مسلم لیگ ن، تحریک لبیک پاکستان، جماعت اسلامی، پاکستان مسلم لیگ ق، استحکام پاکستان پارٹی، پاکستان تحریک انصاف نظریاتی اور پاکستان مرکزی مسلم لیگ شامل تھیں۔
کہا گیا تھا کہ ان جماعتوں کی خواتین کیلئے مخصوص نشستوں کی امیدواروں کی سکروٹنی 26 سے 28 دسمبر کے درمیان ہو گی، تاہم اس فہرست میں پاکستان تحریک انصاف کا نام شامل نہیں تھا۔