اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں کیلئے بینرز چھاپنے کی ہدایات جاری کردیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق عام انتخابات میں ہدایت نامے کے برعکس تشہیر پر کارروائی کی جائے گی، مقررہ سائز سے بڑے پوسٹرز، پمفلٹ یا بینرز کی اجازت نہیں ہوگی، جماعت یا امیدوار کے پوسٹرز کی لمبائی 18 انچ اور چوڑائی 23 انچ سے زیادہ نہ ہو، ہینڈ بل، پمفلٹ اور کتابچے 9 انچ لمبے اور 6 انچ چوڑے ہوسکتے ہیں۔
الیکشن کمیشن نے مزید کہا کہ پورٹریٹ تصویر 2 فٹ لمبی اور 3 فٹ چوڑی ہوسکتی ہے، ہر اشتہاری مواد پر پبلشر کا نام اور پتہ لکھنا لازم ہے، انتخابی تشہیر میں قرآنی آیات سمیت مذہبی مواد کی طباعت غیرقانونی ہے، ہورڈنگز، بل بورڈز، وال چاکنگ اور پینافلیکس پر مکمل پابندی ہوگی۔
الیکشن کمیشن نے کہا کہ الیکشن مہم میں سرکاری اہلکار کی تصویر لگانا غیر قانونی ہوگا، ہدایت نامے کی خلاف ورزی پر امیدواروں کے ساتھ پبلشر کیخلاف بھی کارروائی ہوگی۔