ایسی تبدیلی لائیں گے مچھر کالونی کے لوگ فرعونوں کو شکست دیں گے: خالد مقبول

Published On 24 December,2023 08:29 pm

کراچی: (دنیا نیوز) ایم کیو ایم کے کنوینر ڈاکٹرخالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ایسی تبدیلی لائیں گے مچھر کالونی کے لوگ فرعونوں کو شکست دیں گے۔

ایم کیو ایم کے کنوینر ڈاکٹرخالد مقبول صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج پاکستان کی تمام زبانیں بولنے والوں کا اجتماع یہاں ہو رہا ہے، اس کراچی شہر کو تقسیم کرکے آگ و خون میں نہلایا گیا۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ کراچی جب کھڑا ہوتا ہے تو تخت و تاج گر جایا کرتے ہیں، آج کے اجتماع کو ہم اپنے تین شہید ساتھیوں کے نام کرتے ہیں، ہمارے ان شہید ساتھیوں کا خون ضرور رنگ لائے گا، ایم کیوایم پاکستان ایسی تبدیلی لائے گی کے مچھرکالونی کے عام لوگ وقت کے فرعونوں کو شکست دیں گے۔

کنوینر ایم کیو ایم نے مزید کہا کہ یہ نقطہ آغاز ہے، کیماڑی نے خطرے کی گھنٹی بجادی ہے، ہم وعدہ کرتے ہیں کہ آئندہ بھی اس علاقے سے غریب بلوچ، پختون اور بنگالی کو اسمبلیوں میں پہنچائیں گے، آج کا جلسہ یہ ذمہ داری لگا رہا ہے کہ ایم کیو ایم کے منتخب نمائندے آپ کا مقدمہ ایوانوں میں لڑیں، آپ کے بچوں کے مستقبل کیلئے ہم ملکر ایوانوں میں آواز بلند کریں گے۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ اب جاگیردارانہ جمہوریت کا وقت ختم ہورہا ہے، آپ سب کو ایک نئی صبح کا سورج مبارک ہو۔