کشمیر، غزہ سمیت دنیا بھر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں: خالد مقبول

Published On 10 December,2023 04:25 pm

کراچی: (دنیا نیوز) ایم کیو ایم کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر اور غزہ سمیت دنیا بھر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں۔

انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر سربراہ ایم کیو ایم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے اپنے پیغام میں کہا کہ انسانی حقوق کا عالمی دن منا لینے سے حقوق نہیں ملیں گے، عملی جدوجہد کے ذریعے ہی حقوق کا حصول ممکن ہوگا۔

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ انسانی حقوق کی فراہمی کے بغیر کسی مہذب معاشرے کی تشکیل کا تصور دیوانے کا خواب ہے، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی روک تھام نہ کی تو مظلوم کہاں جائیں گے؟ پاکستان میں انسانی حقوق کی مکمل فراہمی یقینی بنائیں۔

ایم کیو ایم کے سربراہ نے کہا کہ ہم امت مسلمہ سمیت پوری دنیا کیلئے ایک ماڈل بن سکتے ہیں، پابندی کسی مسئلے کا حل نہیں ہوتی بلکہ خود کئی مسائل کی آماجگاہ ہوتی ہے، ریاست کی ذمہ داری ہے وہ ملک میں انسانی حقوق کی آسان فراہمی یقینی بنائے۔

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ایم کیو ایم دنیا، بالخصوص پاکستان میں انسانی حقوق سے محروم افراد کے ساتھ ہے۔