کراچی: (دنیا نیوز) ایم کیو ایم کے سینئر ڈپٹی کنوینر فاروق ستار نے کہا کہ ہم ایک بڑا سیاسی اتحاد قائم اور تحریک شروع کرنے جارہے ہیں۔
ایم کیو ایم کے سینئر ڈپٹی کنوینر فاروق ستار وفد کے ساتھ سنی تحریک کے صدر ثروت اعجاز قادری کی رہائش گاہ گئے، جہاں پر مختلف ایشوز پر تبادلہ خیال کیا گیا، فاروق ستار اور ثروت اعجاز قادری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری تحریک کا مقصد کثیرالجہتی ہے، ہم تمام شعبوں کے لوگوں کو تحریک میں شمولیت کی دعوت دے رہے ہیں، موروثی سیاست کرنے والوں کا شہر پر ناجائز قبضہ ہے۔
— MQM Pakistan (@MQMPKOfficial) December 9, 2023
فاروق ستار نے کہا کہ ہم مل کر لوگوں کو مشکلات سے نکالنا چاہتے ہیں، مہنگائی کی وجہ سے غریب لوگوں کا جینا مشکل ہوگیا ہے، کراچی چلتا ہے تو راولپنڈی، کوئٹہ، پشاور، لاہور بھی چلتا ہے، کراچی سب سے زیادہ ٹیکس دیتا ہے، کراچی کو400 ارب ملنے چاہیں، مشترکہ حکمت عملی کا ہم مل کر ایک خاکہ تیار کریں گے۔
ایم کیو ایم کے سینئر ڈپٹی کنوینر نے کہا کہ آئینی ترمیم میں بہت سارے مسائل کا حل موجود ہے، ہمارے بلدیاتی اداروں کو اختیارات اور وسائل دیئے جائیں، الیکشن سے پہلے ہم قومی اتفاق رائے چاہتے ہیں، پیپلزپارٹی نے پندرہ سالوں میں بدترین، کرپٹ حکومت قائم کی، پیپلزپارٹی پندرہ سالوں کا آڈٹ کرے اور خود گریبان میں جھانکے۔
یہ بھی پڑھیں: متحدہ کا پنجاب میں ٹکٹوں کی تقسیم کیلئے 8 رکنی پارلیمانی بورڈ تشکیل
فاروق ستار نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی صوبائی نہیں ایک لسانی پارٹی بن چکی ہے، پیپلزپارٹی نے ریاستی طاقت، پیسوں کا استعمال کرکے الیکشن جیتے، پیپلزپارٹی سمجھ رہی ہے دوبارہ پھر ویسے ہی جتیے گی، بیٹا وہ زمانے گئے جب خلیل میاں فاختہ اڑایا کرتے تھے، پیپلزپارٹی کی خوش فہمی 8 فروری کو دور ہو جائے گی۔
ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ فاروق ستار کے مطالبات کی تائید کرتے ہیں، بلدیاتی ادارے مضبوط ہوں گے تو ملک بھی مضبوط ہوگا، ہم نے چار رکنی کمیٹی قائم کر دی ہے، آنے والے دنوں میں بہتری نظرآئے گی۔