سینٹرل پولیس آفس میں پولیس شہدا کی یاد میں تقریب، آئی جی پنجاب کی شرکت

Published On 14 October,2023 07:43 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سینٹرل پولیس آفس میں سانحہ چنیوٹ 1990ء کے پولیس شہدا کی یاد میں تقریب ہوئی، جس میں شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے تقریب میں شرکت کی۔

چیئرمین بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام و اخوت فاؤنڈیشن ڈاکٹر امجد ثاقب نے تقریب میں خصوصی شرکت کی، ڈاکٹر امجد ثاقب سانحہ چنیوٹ 1990ء کے موقع پر اسسٹنٹ کمشنر چنیوٹ تعینات تھے، چنیوٹ سانحہ میں شہید ہونے والے پولیس افسران اور اہلکاروں کے ورثا، مولانا جمیل فخری اور سانحہ کے عینی شاہدین نے بھی تقریب میں شرکت کی۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور ڈاکٹر امجد ثاقب نے پولیس شہدا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا، انہوں نے شہدا پولیس کے اہل خانہ کو یادگاری شیلڈ اور تحائف دیئے، اس موقع پر ڈاکٹر امجد ثاقب کو بھی شیلڈ پیش کی گئی۔

دوسری جانب آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا ایک اور احسن اقدام بھی سامنے آ گیا، علیل پولیس اہلکاروں کے کڈنی ٹرانسپلانٹ کا آغاز ہو گیا، ڈی آئی جی ویلفیئر پنجاب غازی محمد صلاح الدین نے کڈنی ٹرانسپلانٹ کرانے والے اہلکار ثمر عباس کی عیادت کی، آئی جی پنجاب کی جانب سے گلدستہ پیش کیا گیا۔