پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا کی سرکاری جامعات میں ریسرچ پر ایک بھی پیسہ خرچ نہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے، 3 سال کے دوران متعدد جامعات میں ریسرچ پرایک روپیہ خرچ نہیں ہوا۔
تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا میں بیشتر سرکاری یونیورسٹیوں کی جانب سے تحقیق کیلئے مختص فنڈز خرچ نہ کرنے کا انکشاف ہوا ہے، گزشتہ 3 سالوں کے دوران بیشتر جامعات نے ریسرچ کی مد میں ایک پائی تک خرچ نہیں کی۔
دستاویز کے مطابق یونیورسٹی آف شانگلہ، زرعی یونیورسٹی ڈی آئی خان، ایبٹ آباد یونیورسٹی اور شہید بینظیر یونیورسٹی شرینگل میں 3 سال کے دوران تحقیق پر ایک پیسہ بھی خرچ نہیں کیا گیا۔
3 سال میں تحقیق پر سب سے زیادہ فنڈز خیبر میڈیکل یونیورسٹی پشاور نے 58 کروڑ روپے خرچ کیے، رواں سال بجٹ میں سرکاری جامعات میں مجموعی بجٹ کا صرف 3 فیصد حصہ تحقیق کیلئے مختص ہے جبکہ صوبہ کی 34 جامعات میں تحقیق کیلئے صرف ایک ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
یونیورسٹیوں کے چانسلر اور گورنر خیبر پختونخوا نے جامعات میں تحقیق پر اتنا کم پیسہ خرچ کرنے کو انتہائی مایوس کن قرار دیا ہے۔