کراچی : ( دنیا نیوز ) متحدہ قومی موومنٹ ( ایم کیو ایم ) پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ پاکستان کو بچانے کا واحد راستہ یہ ہے کہ جن لوگوں نے اسے بنایا تھا ان کے سپرد کردیا جائے۔
ایم کیو ایم کے مرکز بہادر آباد سے متصل پارک میں ذمہ داران کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے 19جون 1992 کے آپریشن کے دوران شہید ہو نے والے کارکنان کو خراج عقیدت پیش کیا ۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم جنگ نہیں چاہتے بلکہ جنگ ہم پر مسلط کی جارہی ہے لہذا ہمیں بھی تمام تر نامساعد حالات اور سلب شدہ حقوق کے حصول کی جدوجہد کیلئے تیار رہنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ 31 برس قبل پاکستان کی نمایاں سیاسی جماعت ایم کیو ایم کیخلاف ایک آپریشن شروع کیا گیا، جو کچھ پارٹی کے رہنماؤں اور کارکنان کو جھیلنا پڑا اس کی نظیر پاکستان کی سیاسی تاریخ میں نہیں ملتی لیکن آج ایم کیو ایم کو شکست دینے کا خو اب دیکھنے والے خود شکست سے دوچار ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ تمام تر جبر اور ظلم کے باوجود پارٹی کارکنان نے اپنے نظریہ ، سوچ اور فکر کو بر قرار رکھا ہے۔
اس موقع پر سینئر ڈپٹی کنوینر سید مصطفی کمال کا کہنا تھا کہ کراچی ہی نہیں پورا سندھ اور یہ پورا پاکستان ہمارے باپ دادا کا ہے، زیادہ سے زیادہ لوگوں کو اپنی براڈکاسٹ لسٹ میں شامل کریں، لوگوں کے ووٹوں کا اندراج انکے انتخابی حلقوں میں کروانے کا کام تیز کریں۔