کراچی: (دنیا نیوز) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ کراچی پاکستان کا انجن ہے، یہاں سٹریٹ کرائمز عروج پر ہیں، شہر میں روزانہ لوگ مر رہے ہیں، یونیورسٹی کے طلبہ قتل ہو رہے ہیں، اگر گورنر بات کرے تو اس کا یہ اختیار نہیں ہے۔
کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا ہے کہ مجھے خوشی ہے کہ کراچی کے شہریوں نے کونسل ہال کی تعمیر کا افتتاح کیا، شہر میں ہر منصوبے کے افتتاح میں شہریوں کو شامل کیا جانا چاہیے، کم از کم بلدیہ عظمیٰ کراچی اپنے منصوبوں کے افتتاح میں شہریوں کو شریک کرنے کی روایت قائم کرے، غلط مردم شماری کے باعث کراچی کی تعداد کو سہی نہیں گنا گیا۔
کامران خان ٹیسوری نے مزید کہا ہے کہ شہر کے مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہیں، ملک کے معاشی حب میں بجلی کی کمی کا سامنا ہے، شہر کے مسائل کب حل ہوں گے، بارہ سال سے اس شہر کو کیوں نظر انداز کیا گیا، میرے ساتھ بیٹھ کر فزیبلٹی بنالیں تین سو سے پانچ سو یونٹ بجلی کراچی والوں کو فری مل سکتی ہے، پانی کی دستیابی، گیس کا مسئلہ بنا ہوا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہر اور صوبے میں کب ایسے حالات ہوں گے کہ نوکریاں ہوں، ہسپتالوں میں اچھا علاج میسر ہو، یہ وقت آگیا ہے کہ کراچی سے صنعتکار دوسرے ملکوں میں جاکر صنعتیں لگا رہے ہیں، کراچی کی درست گنتی بھی نہیں کی جا رہی ہے، مردم شماری سیاسی جماعتوں کا مسئلہ نہیں ہے، اس معاملے کو درست طریقے سے سمجھا نہیں جا رہا ہے۔
گورنر سندھ نے کہا ہے کہ کراچی کو درست گنا نہیں جا رہا اور گننے بھی نہیں دیا جا رہا ہے، جب کراچی کو سہی گنا نہیں جائے گا تو وفاق سے وسائل کیسے ملیں گے، کراچی کو مافیا نے جکڑا ہوا ہے، میں کراچی کیلئے کوشش اور آواز اٹھاتا رہوں گا، جو مجھ سے ہو سکا کراچی کیلئے کروں گا۔