شمالی وزیرستان: (دنیا نیوز) شمالی وزیرستان میں جنگ آزادی کے ہیرو حاجی مرزا علی خان المعروف فقیرایپی سے منسوب میوزیم قائم کر کے وہاں ان کے زیر استعمال اسلحہ اور دیگر ساز و سامان رکھا گیا ہے۔
میوزیم میرانشاہ سے 45 کلومیٹر کے فاصلے پر جنوب مغرب کی جانب واقع تاریخی گورویک مرکز میں فقیر ایپی کے مزار کے احاطے میں قائم کیا گیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ریحان گل خٹک نے بتایا کہ پاک فوج نے جدید انداز میں فقیر ایپی مزار کی تزئین و آرائش کا کام مکمل کرنے کے بعد مزار کے قریب عجائب گھر بھی قائم کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ فقیر ایپی کے مزار پر قائم کیے گئے میوزیم میں حاجی مرزا علی خان کے زیر استعمال اسلحہ اور دیگر ساز و سامان رکھا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر شمالی وزیرستان کا کہنا تھا کہ میوزیم کا کام مکمل ہو گیا ہے، جلد ہی اسے عوام کیلئے کھول دیا جائے گا۔
ریحان گل نے بتایا کہ گورویک میں فقیر ایپی کے سپاہیوں کے زیر استعمال غار بھی بحال کئے گئے ہیں جبکہ فقیر ایپی کی رہائش گاہ اور اسلحہ بنانے کی فیکٹری کو بھی محفوظ بنایا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گورویک میں فقیر ایپی کا مزار سیاحت کا مرکز ثابت ہو گا جہاں ملک بھر سے لوگ اس عظیم مجاہد کے مزار کی زیارت کرنے اور عجائب گھر میں تاریخی ساز و سامان دیکھ سکیں گے۔