لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب اسمبلی میں غیر قانونی بھرتیوں کے کیس میں اینٹی کرپشن کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کے صدر چودھری پرویز الہٰی کو لاہور کچہری میں پیش کر دیا گیا۔
اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب کے ترجمان کے مطابق چودھری پرویز الہٰی کو جسمانی ریمانڈ کیلئے ضلع کچہری لاہور میں جوڈیشل مجسٹریٹ غلام مرتضیٰ ورک کی عدالت کے سامنے پیش کیا گیا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ پر عدم اعتماد
دوران سماعت عدالت میں اینٹی کرپشن کی جانب سے معزز جوڈیشل مجسٹریٹ پر عدم اعتماد کا اظہار کر دیا گیا۔
اینٹی کرپشن کا کہنا تھا کہ جوڈیشل مجسٹریٹ غلام مرتضیٰ ورک کے ٹوئٹر اور فیس بک پر پیج ہیں، سیشن جج صاحب اس کیس کیلئے کسی اور جج کا انتخاب کریں۔
میرے خلاف 100 کیس بھی درج کر لیں، کوئی فرق نہیں پڑتا: پرویز الٰہی
لاہور کی ضلع کچہری میں پیشی کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ میرے خلاف چاہے 100 کیس بھی بنا لیں، ہمیں کوئی فریق نہیں پڑتا، پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑا رہوں گا۔
پرویز الٰہی نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کو میرا پیغام ہے، دلیری کے ساتھ مقابلہ کریں، حق اور سچ کی لڑائی میں ڈٹ کر کھڑے رہیں، جتنے ہتھکنڈے استعمال کئے جا رہے ہیں سب ناکام ہو جائیں گے۔
پی ٹی آئی والے ڈٹ کر کھڑے رہیں، ہتھکنڈوں کا مقابلہ کریں، پرویز الہیٰ
— PTI (@PTIofficial) June 4, 2023
pic.twitter.com/iKKw0QwYT4
واضح رہے کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی کو دو مقدمات میں عدالت سے رہائی کے بعد گوجرانوالہ سے تیسرے مقدمے میں گزشتہ روز گرفتار کیا گیا تھا۔
گوجرانوالہ کی عدالت نے پی ٹی آئی کے صدر پرویزالہٰی کو عدم ثبوت پر دو مقدمات میں بری کرنے کا حکم دیا تھا تاہم اینٹی کرپشن حکام نے عدالتی فیصلے سے پہلے ہی پرویز الٰہی کو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:گوجرانوالہ: 2 مقدمات سے بری ہونے کے بعد چودھری پرویز الہٰی پھر گرفتار
تیسری بار گرفتاری سے متعلق اینٹی کرپشن حکام نے بتایا کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب کو جعلی بھرتیوں کے کیس میں گرفتار کیا گیا ہے، یہ مقدمہ لاہور میں درج ہے۔
اینٹی کرپشن کی ٹیم نے صدر تحریک انصاف کو ڈسٹرکٹ کورٹ میں پیش کرنے کیلئے گوجرانوالہ سے لاہور منتقل کر دیا ہے۔
ترجمان اینٹی کرپشن نے بتایا ہے کہ بھرتی کے عمل میں گھپلوں کیلئے جعلی ٹیسٹنگ سروسز کی خدمات لی گئیں، انکوائری میں پنجاب اسمبلی میں جعلی بھرتیاں ثابت ہوئی ہیں، بھرتیوں میں کرپشن کے واضح ثبوت موجود ہیں، اینٹی کرپشن لاہور نے پنجاب اسمبلی میں گریڈ 17 کی 12 جعلی بھرتیوں کے کیس میں پرویز الہٰی کو گرفتار کیا ہے۔